گلگت،14اگست (اے پی پی):ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں جشن آزادی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔ دن کا آغاز ملکی ترقی خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔صوبائی دارلحکومت گلگت میں پاک فوج کے زیر اہتمام اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس سلسلے میں گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر جلسے جلوس،ریلیاں نکالیں گئیں اور تقریری مقابلوں کاخصوصی اہتمام کیا گیا۔
سب سے اہم اور مرکزی تقریب چنار باغ گلگت میں منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون تھے، ان کے علاوہ اس تقریب میں صوبائی وزراء،ممبران اسمبلی، سول سوسائٹی کے اراکین،مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات اور اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی۔گورنر گلگت بلتستان نے مزار شھداء پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
یوم آزادی کے اس خصوصی موقع پرگورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے اپنے خطاب میں اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ 14 اگست کا دن ہماری تاریخ کا سب سے اہم دن ہے۔جس دن ہمیں خصوصی طور پر اللہ رب العزت کا بے حد شکر بجالانا چاہیے کہ جس کی کرم نوازی اور ہمارے آبا و اجداد کی ناقابل فراموش قر بانیوں کی وجہ سے یہ خطہ پاک دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔ یہ معرکہ کوئی معمولی نوعیت کا نہیں تھا اور اس کی جدید تاریخ میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی ہے۔ یہ ایک ایسا کارنامہ تھا جو کہ ہر لحاظ سے ناممکن دکھائی دیتا تھا لیکن قائد اعظم جیسی پرخلوص اور پر عزم قیادت کی بدولت علامہ اقبال کے اس خواب کو تعبیر ملی جو کہ انھوں نے مسلمانان برصغیر کی آزادی کے لئے تصور کیا تھا۔
گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ ہماری آزادی ایک طویل اور صبر آزماء جدو جہد سے عبارت ہے۔ حصول پاکستان کے لئے مسلمانان ہند نے جتنی قربانیاں دیں ان کی مثال تاریخ میں بہت کم ملتی ہے۔ گلگت بلتستان کے باسیوں نے ہمیشہ وطن عزیز کی سربلندی کے لیئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی وطن عزیز کی سلامتی اور بقاء کے لیئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں تمام مسالک کے لوگ آزادی کے ساتھ اپنے مذہبی رسومات عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں اور آیئن پاکستان میں ہر مذہب کے پیر وکاروں کو مکمل مذہبی تحفظ حاصل ہے۔
گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے کہا یہ اس ملک کی خوش قسمتی ہے کہ آج پاکستان کی قیادت عمران خان جیسے خلوص نیت اور محنت و لگن سے کام کرنے والے دیانتدار وزیر اعظم کے ہاتھوں میں ہے اور انشاء للہ کم عرصے میں ہمارا یہ عظیم ملک بھی وزیر اعظم صاحب کی ولولہ انگیز قیادت میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو جائے گا۔











