گوادر، 21 اگست (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ گوادر واقعہ افسوسناک ہے ، معصوم بچوں کی شہادت اور بے گناہوں کا زخمی ہونا قابل مذمت ہے ، امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کررہے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سیکورٹی معاملات کا جائزہ لینے کیلئے آج گوادر پہنچے ۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو ، ایڈوائز فشریز اکبر آسکانی ، کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین اور اعلی حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔
آل پارٹیز نمائندوں اور عمائدین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جام کمال خان کا کہنا تھا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں گوادر کی ترقی کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں ۔ گوادر میں تعلیم ، صحت ، پانی اور بجلی کی سپلائی ، سمیت 104 اسکیمیں صوبائی حکومت کی پی ایس ڈی پی کا بھی حصہ ہیں ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے 18 لاکھ سے زائد خاندانوں کو صوبائی حکومت کی طرف سے 2 سے 3 ماہ میں صحت کارڈز جاری کردئے جائیں گے ، صحت کارڈز کے تحت عوام کو ملک بھر کے اسپتالوں میں 10 لاکھ روپے تک کے علاج کی سہولتیں حاصل ہونگی ۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج جمہوری حق ہے لیکن سڑکیں بلاک کرنا مناسب نہیں ، گوادر میرا حلقہ بھی ہے اور گوادر سے جدی پشتی وابستگی بھی ہے ، گوادر کے ماہی گیروں کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدامات بھی کررہے ہیں ۔