یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی

69

فیصل آباد ، 05  اگست (اے پی پی): مقبوضہ کشمیر کی آزاد و متنازعہ حیثیت ختم کرکے کشمیر کے بھارتی محاصرے اور فوجی تسلط کا 2 سال مکمل ہونے کے خلاف جمعرات کو یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔

ریلی کی قیادت چیئر پرسن تعلیمی بورڈ ڈاکٹر طیبہ شاہین نے کی۔ریلی میں سیکرٹری تعلیمی بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی، ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر بابر ڈوگر،کنٹرولر سعید اعوان سمیت بورڈ ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے بڑی تعداد میں بینرز، فلیکس اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی ۱ٓزادی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

 اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن تعلیمی بورڈ ڈاکٹر طبیبہ شاہین نے کہاکہ ” یوم استحصال کشمیر”منانے کا مقصد مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور مظلوم کشمیری عوام کو پیغام دینا ہے کہ وہ جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائیگی تاکہ وہ بھارتی ظلم و استبدادسے جلد نجات حاصل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم اوربلند حوصلے کو سلام پیش کر تے ہیں اوراقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی قرار داد وں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

 ریلی کے آخر میں کشمیر کی آزادی اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی مانگی گئی۔