یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے سفارت خانہ ریاض،پاکستان قونصلیٹ جدہ میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا

114

ریاض، 05 اگست (اےپی پی): یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے سفارت خانہ ریاض اور پاکستان قونصلیٹ جدہ میں  تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ریاض سفارت خانہ میں ویبنار میں ستر سے زیادہ افراد نے شرکت کی جس میں سابق سعودی سفارت کار  ڈاکٹر علی اواد اسیری،کشمیری رہنماء  یاسین ملک کی اہلیہ مشال حسین ملک  اور دیگر اسکالر ز کے علاوہ  لیفٹنٹ جنرل (ر) بلال اکبر  نے اپنے  خطاب میں  بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو  علاقے میں دہشت گردی سے باز رکھے۔

جدہ میں پاکستان قونصلیٹ میں یوم استحصال کشمیر کی تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیر  جنرل (ر)  محمد کاملی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ ستر سالوں سے کشمیری عوام ظلم وستم سہہ رہے ہیں، گزشتہ 17 سال سے کشمیری، بھارتی مظالم کا شکار ہیں جو دنیا سے ڈھکی چھپی بات نہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ بھارت  اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔

تقریب سے سعودی  اسکالر عبداللہ الغامدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اس موقع پر کشمیری جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتا ہے،  کشمیر میں بھارتی مظالم کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ بین الاقوامی کمیونٹی کو چاہئے کہ وہ بھارت کو توسیع پسند عزائم سے باز رکھے،  وہاں 5اگست 2019 سے صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،جہاں بھارت انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کررہاہے، صحافیوں پر ظلم کے پہاڑتوڑ رہاہے،  بین الاقوامی کمیونٹی اور عالمی قوتیں مسئلے کے حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔