اسلام آباد،14ستمبر (اے پی پی):وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں آٹے کی قیمت میں کمی آئے گی، پسماندہ طبقے کو ٹارگٹڈ کیش سبسڈی دی جائے گی۔
منگل کو وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ نے کہاکہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے ،نچلے طبقے کو کیس سبسڈی دی جائے گی، 34 فیصد عوام کو گزشتہ سال کی قیمت پر آٹا دیں گے، روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے قرضوں میں اضافہ ہوا ہے، آٹے اور اشیائے خوردنی پر ٹارگٹڈ کیش سبسڈی دیں گے، معیشت فروغ پائے گی تو تنخواہیں بھی بڑھیں گی۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ ملکی ضرورت کو پوراکرنے کے لئے اس وقت ہم دالیں، گندم، گھی سمیت کئی اشیائے خوردنی درآمد کرتے ہیں، درآمدات پر انحصار کو کم کرنے کے لئے ہمیں زراعت پر توجہ دینی ہوگی اور پسے ہوئے کاشتکار کا خیال رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ہاں مہنگی اشیاء کی درآمد کم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں زراعت پر مناسب توجہ نہیں دی گئی ، کسان کو اس کا صحیح حق نہیں ملتاہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر معمولی منافع خوری کو روکیں گے۔ دستیاب ملکی ذخائر کو تقویت دینے کیلئے بھی اقدامات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت 1950 روپے فی من کردی ہے جس سے کاشتکار کو فائدہ ہوا ہے ۔ گزشتہ کئی سالوں سے گندم کی قیمت برقرار رہنے سے گندم کی پیداوار میں اضافہ نہیں ہوا۔ توقع ہے کہ آٹے کی قیمت کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ سے ٹارگٹ سبسڈی دیں گے۔ پہلے صرف گیس اور بجلی پر سبسڈی دے رہے تھے۔ اب آٹے اور اشیائے خوردنی پر ٹارگٹڈ کیش سبسڈی دیں گے۔