آصف علی زرداری اور نواز شریف نے پاکستان کا قرضہ 6 ٹریلین سے 27 ٹریلین تک پہنچایا، موجودہ حکومت نے تین سال میں 10 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا؛ چوہدری فواد حسین

25

اسلام آباد،26ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اتوار کو  یہاں   وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1947ءسے 2008ءتک 65 سالوں میں پاکستان کا قرضہ 6 ٹریلین تھا، آصف علی زرداری اور نواز شریف نے 2008ءسے 2018ءتک اس قرضے کو 27 ٹریلین تک پہنچا دیا، ہم نے تین سالوں کے دوران 10 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب بھی سابقہ ادوار کے بجلی، سڑکوں یا ترقی کے منصوبے دیکھتے ہیں تو کرپشن کا ایک پہاڑ سامنے آتا ہے، شریف فیملی اور زرداری فیملی نے پاکستان سے لوٹی گئی دولت بیرون ملک منتقل کی، شہباز شریف پر 25 ارب روپے کرپشن کا مقدمہ ہے، یہ رقم شہباز شریف کے ملازمین کے اکائونٹس سے انہیں منتقل کی گئی، یہ وہ مقدمات ہیں جن میں لوٹی ہوئی رقوم کا ہمیں معلوم ہے، اس کے علاوہ لوٹی گئی رقوم کی ہمارے پاس معلومات نہیں ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ جب ہم قرضے واپس کرنے کیلئے مزید قرض لیتے ہیں تو اس سے ملک کی خودمختاری متاثر ہوتی ہے، سابقہ دور میں پاکستان کے ساتھ بہت ظلم کیا گیا، پاکستان کے عوام کا خون نچوڑا گیا۔ ن لیگ نے سڑکوں کی تعمیر کیلئے ایک ہزار کروڑ کے مہنگے معاہدے کئے، یہی وہ مافیا ہے جس کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی لڑائی ہے، آج پٹرول، سبزیاں، دالیں مہنگی ہونے کی وجہ یہی کرپشن ہے۔