لاہور،24 ستمبر(اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور بیرونی سرمایہ کاری سے ملک میں نئے صنعتی زون بن رہے ہیں ۔حکومت صنعتی انقلاب پر یقین رکھتی ہے، اقتصادی مسائل کا حل تیز ترین کمیونیکیشن ، ملک میں سپیشل اکنامک زون قائم کئے جا رہے ہیں۔
وہ جمعہ کے روز چینی سرمایہ کاری سے قائم چیلنج ٹیکسٹائل فیکٹری کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔صدر مملکت نے 150ملین ڈالر سے شروع ہونے والے چیلنج ٹیکسٹائل پارک کا بھی افتتاح کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کو چیلنج ٹیکسٹائل جیسی سرمایہ کاری کی مزید ضرورت ہے۔پاکستان ایک محفوظ ملک ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ دیا جائےگا ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی پر ہمیں فخر ہے اور چینی سرمایہ کاری سے ملک صنعتی انقلاب کی طرف جا رہا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ حالیہ کرونا کی وبا سے پوری دنیا متاثر ہوئی مگر پاکستان اس کو بڑی حد تک روکنے میں کامیاب رہا جبکہ اس کے خلاف ویکسین تیار کرنے والے ممالک میں شامل ہو چکے ہیں۔ مائیکروفنانس،اور کووڈ کو کنٹرول کرنے میں کامیابی حکومتی کامیابیوں کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی طور پر کسی بھی ملک کو تنہا نہیں کیا جا سکتا اور دنیا کو اس وقت پاکستان کی ضرورت ہے ۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ یہاں آئیں سرمایہ کاری کریں اور دنیا کو مثبت پیغام دیں۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی مسائل کے حل کے لیے تیز ترین کمیونیکیشن کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا اس وقت بہت فاسٹ ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک میں سپیشل اکنامک زون قائم کئے جارہے ہیں۔ اکنامک زون کےلگنے سے نہ صرف انڈسٹری لگے گی بلکہ لوگوں کو روزگار بھی ملے گااورآنے والے دن پاکستان کے لیے اچھےہونگے۔