الیکشن کروانا اور ووٹنگ مشینیں خریدنا الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے ؛ سینیٹر شبلی فراز

7

اسلام آباد،23ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن  کروانا اور ووٹنگ  مشینیں  خریدنا الیکشن کمیشن  کا مینڈیٹ ہے،  حکومت انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہے، جمہوریت کی مضبوطی کے لئے انتخابات کا شفاف انعقاد ضروری ہے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق شفاف انتخانات کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب جانا ہوگا، الیکشن کمیشن کا اختیار ہے کہ کسی بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو قبول کر لے، الیکشن کمیشن جو مشین قبول کرے ہمیں اس پر اعتراض نہیں ہوگا، ہم اس کام میں دیر نہیں چاہتے، اپوزیشن کے اعتراضات فرضی ہیں، اپوزیشن کو پرانے سسٹم میں فائدہ ہے، اس میں وہ دھاندلی کرسکتے ہیں، جو لوگ الیکشن کے پرانے سسٹم سے فائدہ اٹھاتے رہے ہیں وہ نہیں چاہتے ٹیکنالوجی آئے، الیکشن کمیشن کو چاہیے روزانہ کی بنیاد پر ٹیکنیکل ٹیم کے ساتھ میٹنگ کرے۔