امن، بھائی چارہ اور اتحاد بین ا لمسلمین کا فروغ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ؛ ڈپٹی کمشنر بہاولنگر

34

بہاولنگر، 22 ستمبر ( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے  کہا کہ  تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماءکرام،سول سوسائٹی کے ممبران اور ہم سب کی  مشترکہ ذمہ داری ہے کہ امن، بھائی چارہ اور اتحاد بین ا لمسلمین کو فروغ دیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر بہاولنگر شفقت اللہ مشتاق  نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر بہاولنگر شفقت اللہ مشتاق نے کہا کہ اسلام رواداری ،محبت   اور امن کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر جلوس و مجالس کے تمام  انتظامات کرلئے گئے ہیں. امن و امان کے قیام کے لئے معاشرہ کے تمام افراد اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقا صد حاصل نہ کرسکیں۔

 ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے جلوس روٹس اور مجالس مقامات کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور اتحاد و یگانگت کو فروغ دیا جائے اس سلسلہ میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، انجمن تاجران کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے ممبران اپنا کردار ادا کریں۔

اجلاس میں  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی ،تحصیلوں کے  اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پی،  ممبران ضلعی امن کمیٹی، تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے   علماءکرام و مشائخ، ممبران انجمن تاجران اور ویڈیو لنک سے تحصیل امن کمیٹی کے ممبران   نے بھی شرکت کی۔