اوکاڑہ،06ستمبر(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایت کی روشنی میں ریسکیو 1122 اوکاڑہ نے 6 ستمبر یوم دفاع و شہدا کے موقع پر گزشتہ برس وفات پانے والے حافظ سجاد اکرم (ریسکیو ڈرائیور) کی قبر پرحاضری دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ اور ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی طرف سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ ریسکیو کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور مرحوم سجاد اکرم کی درجات بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر عائشہ سہیل مرحوم سجاد اکرم کے گھر جا کر بیوہ سے اظہار تعزیت کی اور مرحوم کے بچوں کو تحائف دیے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے مرحوم کے والد کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سجاد اکرم میرا بہترین ریسکیور تھا اور اس کی کمی آج بھی ہمیں اپنے آفس میں محسوس ہوتی ہے۔ اللّٰہ تعالٰی سے خصوصی دعا گو ہیں کہ وہ مرحوم کے درجات بلند فرمائیں اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کے جوان جذبہ حب الوطنی سے سر شار ہوکر ملک وقوم خدمت کر رہے ہیں اور کسی کی بھی جان بچانے کیلئے خطرات سے کھیلتے ہیں۔