اوکاڑہ،20ستمبر(اےپی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوآرٹر ہسپتال میں پانچ سال سے کم عمربچوں کو پولیوویکسین کےقطرے پلا کر انسداد پولیومہم کاآغاز کردیا۔ 20 تا24 ستمبرتک 4لاکھ75 ہزار5سو بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے۔
انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نےکہا کہ انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے اور اس سلسلہ میں پولیس حکام نے مکمل انتظامات کئے ہیں،ان ٹیموں کی نگرانی کے لئے بھی افسران کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے اور وہ خود بھی فیلڈ میں موجود رہیں گے۔
افتتاح کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈپلاننگ چوہدری طاہر امین،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید،ڈی ایچ او ڈاکٹرسجاد گیلانی نے بھی بچوں کو قطرے پلائے۔
اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر سجاد گیلانی نے بتایا کہ حالیہ انسداد پولیو مہم کے لئے1861 موبائل ٹیمیں 141 فکسڈ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 66 ٹرانزٹ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔