اسلام آباد، 29 ستمبر (اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ 12 سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کیلئے بھی ویکسین کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ تعلیم کے سلسلے کو جاری رکھا جا سکے۔ بچوں کو یہ ویکسین مکمل طور پر مفت میں لگائی جائے گی۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات ونیشنل کمانڈ اینڈ آ پریشن سنٹر کے سربراہ اسدعمر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ خواتین ملک کی آبادی کا 50 فیصد حصہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ برابر کی تعداد بلکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں۔ انہوں نے منفی پروپگنڈہ یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حاملہ خواتین کو کورونا سے کوئی خطرہ نہیں ،ویکسین ان کیلئے زیادہ مددگار ثابت ہوگی۔











