بہاولنگر؛ ہارون آباد غلہ منڈی میں آگ لگ گئی، تقریباً 2 ہزار من سے زائد کپاس کے ڈھیر جل کر راکھ

31

بہاولنگر،16ستمبر(اے پی پی):  تحصیل ہارون آباد کی غلہ منڈی میں کپاس کے ڈھیروں میں آگ بھڑک اٹھی، تقریباً 2 ہزار من سے زائد کپاس جل کر راکھ ہو گئی۔

 ریسکیو ٹیم آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں، آگ مبینہ طور پر ٹرانسفارمر کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جو تیزی سے پھیل گئی اور  کپاس کے ڈھیروں کو لپیٹ میں لے لیا جس سے  کسانوں اور آڑھتیوں کی تقریباً 2 ہزار من سے زائد کپاس جل کر راکھ ہو گئی ہے۔

 ریسکیو 1122 کی دو گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں تاہم ابھی تک آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔آگ بجھانے کے لئے ضلع کی دیگر تحصیلوں سے مزید فائر ٹینڈرز اور ریسکیو ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں۔ ابتدائی اندازے کے مطابق 10 کروڑ روپے سے زائد کا مالی نقصان ہوا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔