اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ تین برسوں میں حکومتی اقدامات کی بدولت پاکستان کی اندرونی اور بیرونی محاذ پر کلیدی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نئی اور مثبت سمت کی جانب گامزن ہے، کورونا کی مہلک وبا کے باوجود حکومت کی موثر پالیسیوں اور حکمت عملی کے باعث پاکستان کی معیشت مستحکم رہی، تر سیلات ، برآمدات ، اسٹاک ایکس چینج میں نمایاں بہتری سمیت مثبت اقتصادی اشاریے حکومتی معاشی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، احساس پروگرام کے ذریعے کمزور طبقوں کے لئے اقدامات، تعمیراتی شعبہ کےلئے مراعات، کم آمدنی والے افراد کےلئے مکان اور چھت کی فراہمی ، کامیاب جوان پروگرام اور یکساں قومی نصاب کا نفاذ قابل تحسین اقدامات ہیں ، بھارت کے انتہاپسند ہندوتوا فاشسٹ نظریہ سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔ بھارت کشمیر میں ظلم کا بازار بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ نبھائے’ افغانستان میں امن سارے ہمسایہ ممالک کے لئے اہم ہے’ دنیا کو وہ بات لاکھوں انسانی جانیں اور اربوں ڈالر خرچ کرکے سمجھ آئی جو وزیراعظم عمران خان 20 سال سے کہہ رہے تھے’ جوہری قوت’ دہشتگردی کے خلاف جنگ’ پناہ گزینوں کے ساتھ ہمدردی اور تنظیم کا جذبہ پاکستانیوں کی ذہانت کا منہ بولتا ثبوت ہے’ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سمیت انتخابی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں’ جعلی خبریں اور غیبت سے چھٹکارا حاصل کرتے ہوئے تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تیسرے پارلیمانی سال کی تکمیل اور چوتھے سال کے آغاز پر تمام معزز اراکین پارلیمان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ پاکستان میں جمہوری اقدار اور ایک دوسرے کی برداشت کی روایات نے فروغ پایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نئی اور مثبت سمت کی جانب گامزن ہے۔ گزشتہ تین سالوں میں ہمارے ملک اور قوم میں بہت سی مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔ پچھلی دہائیوں میں تربیت کے جن مراحل سے ہم گزرے اور اس کے نتیجے میں جو طاقتیں اور صلاحیتیں اپنے اندر پیدا کیں ان کی بدولت ہم انشا اللہ ایک چمکتے دمکتے اور ابھرتے ہوئے پاکستان کی منزل کو پا لیں گے۔