جدہ؛قومی یک جہتی فورم کے زیر اہتمام سعودی عرب کے 91 ویں یوم الوطنی پر تقریب کا انعقاد

26

جدہ، 26ستمبر(اے پی پی): پاکستان کمیونٹی کی جانب  سے  سعودی عرب کے 91 ویں یوم الوطنی کے  سلسلہ  میں مختلف تقاریب پرجوش انداز میں جاری ہیں،  ایک شاندار تقریب کاانعقاد قومی یک جہتی فورم کے زیر اہتمام ہوا، جس کے مہمان خصوصی  قونصل جنرل پاکستان خالد مجید تھے جبکہ صدارت فورم کے چئیرمین سردار اقبال نے کی۔

   تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے کہا کہ پاکستانی سعودی عرب کا یوم الوطنی بھی اسی جوش خروش سے  مناتے ہیں جسطرح پاکستان کا یوم آزادی ، یہ انکی سعودی حکومت اور عوام سے محبت کا  مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان قونصلیٹ نے کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ ہر تقریب کی رہنمائی کرتے ہوئے انکے ساتھ تعاون کیا ہے۔

 تقریب سے خطاب میں پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی صدر  ملک منظور اعوان نے کہ کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر نہیں  بلکہ  ہمارا اپنا ملک ہے اسکی طرف اٹھانے والی کسی بھی شیطانی نگاہ کا ہم ہر  وقت ڈٹ کر مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

تقریب میں تحریک انصاف کے رہنماء عقیل آرئیں نے وہ دیگر نے بھی خطاب کیا،تقریب میں  مقامی سعودی افراد کی بڑی تعداد موجود تھی،یوم الوطنی کی تقریب میں جنرل(ر) عبداللہ الغامدی، ڈاکٹر فیض العبادین، گبون کے قونصل جنرل نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے جدہ میں موجود  پاکستان مسلم لیگ، تحریک انصاف، نیشنل عوامی پارٹی، جمعیت علمائے اسلام  وہ دیگر جماعتوں کے عہدیداروں نے اپنے خطاب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کو  91 وین یوم الوطنی پر  مبارکباد دی۔

تقریب سے سعودی افواج کے سابق  جنرل عبداللہ الغامدی،رائل فیملی کے سابق مشیر  ڈاکٹر فیض العابدین نے اپنے خطاب میں پاکستان اور سعودی عرب کی لازوال دوستی کو سراہا۔

 تقریب میں پاکستانی گلوکار نعیم سندی  کے عربی گیتوں پر   تقریب میں موجود سعودی افراد نے سعودی عرب کا روائیتی تلوار رقص بھی کیا ، تلوار رقص میں قونصل جنرل خالد مجید اور پاکستانیوں نے ان کا ساتھ دیا۔