دو سو پچاس ارب روپے سے جدید ریل کا نظام ‘کراچی سرکلر ریلوے’ منصوبہ جلد منظوری کے لیے تیار ہے ؛ وفاقی وزیر اسد عمر

11

کراچی،19ستمبر  (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمرنے کہا ہے کہ کراچی میں پہلی دفعہ جدید ٹرانسپورٹ کا نظام بننے جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 40 بسوں   کی پہلی  کھیپ آج پہنچ  چکی ہے  اور اگلے ماہ مزید 40 بسیں آئیں گی، مجموعی طورپر گرین لائن پر 80 بسیں چلیں گی ،ایس آئی ڈی سی ایل کی ٹیم کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں کیونکہ ان لوگوں نے بہت محنت کی ہے ۔اس کے  علاوہ  250  ارب روپے سے جدید ریل کا نظام ‘کراچی سرکلر ریلوے’ منصوبہ جلد منظوری کے لیے تیار ہے۔

 ان خیالات کا اظہار گورنرسندھ عمران اسماعیل،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر، وفاقی وزیربرائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے اتوار کو کراچی پورٹ پر گرین لائن منصوبے کے لئے 40 بسوں پر مشتمل پہلی کھیپ کراچی پورٹ پہنچنے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لئے گرین لائن کا منصوبہ واحد منصوبہ نہیں ہے بلکہ اس کے علاوہ کراچی پیکج کے تحت وفاقی حکومت کے جو پانچ بڑے منصوبے ہے اس پر بھی کام ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لئے ٹرانسپورٹ کا اس سے بھی بڑا منصوبہ کراچی سرکلر ریلو ے(کے سی آر) ہے اور آئندہ ہفتہ ایکنک اس کی منظوری دے دی گی ،انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان پھر  کے سی آر منصوبے کا جلدسنگ بنیاد رکھے گے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر تقریبا 250 ارب روپے کا منصوبہ ہے اور یہ گرین لائن کا منصوبہ تقریبا 27 ارب روپے کا ہے ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی ، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ ،پی ٹی آئی کراچی کے صدر و رکن صوبائی اسمبلی خرم شیرزمان ، تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔