سندھ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، کنٹونمنٹ انتخابات میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، عمر شریف کے علاج معالجہ کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، وفاقی وزیر اطلاعات

12

کراچی۔11ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جو الیکشن جیت جائے وہ شفاف اور جس میں ہار جائے اس پر دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیتی ہے، کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، وزیراعظم کی ہدایت پر عمر شریف کی عیادت کیلئے آئے ہیں، عمر شریف اسٹیج کے بادشاہ ہیں اور قوم کا اثاثہ ہیں، حکومت عمر شریف کے علاج معالجہ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ ہفتہ کو گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ آغا خان ہسپتال میں معروف کامیڈین عمر شریف کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمر شریف سٹیج کے بادشاہ اور قوم کا اثاثہ ہیں، حکومت ان کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سے عمر شریف کے علاج معالجہ کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی ہے، ڈاکٹرز کا بورڈ جو فیصلہ کرے گا، حکومت اس میں تعاون کرے گی، انہیں اطمینان بخش علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عمر شریف کے علاج کے بارے میں فیصلہ ڈاکٹرز نے کرنا ہے، میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جو الیکشن جیت جائے وہ شفاف اور جس الیکشن میں ہار جائے اس پر یہ دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف سب سے پہلا مظاہرہ پی ایم ایل این نے کیا تھا، شاہد خاقان عباسی کی تقریریں اٹھا کر دیکھ لیں، یہ ایک دن ایک بات کرتے ہیں اور اگلے روز ان کا موقف کچھ اور ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا بنیادی طور پر کام اپنی غیر سیاسی حیثیت کو بحال رکھنا ہے، اگر وہ اپنی حیثیت کھو جائے تو انہیں چلے جانا چاہئے، 22 کروڑ کی آبادی ہے، ہم الیکشن کروا سکتے ہیں۔