سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری امتناع جسمانی تشدد بل 2021ء متفقہ طور پر منظور کر لیا

29

اسلام آباد۔28ستمبر  (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری امتناع جسمانی تشدد بل 2021ء متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ کمیٹی کا اجلاس منگل کو کمیٹی کے رکن سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کی زیر صدارت ہوا کیونکہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ولید اقبال اس بل کے محرک تھے۔ کمیٹی کے اجلاس میں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری امتناع جسمانی تشدد بل 2021ء پر تفصیلی غور و خوض کے بعد اتفاق رائے سے  منظور کر لیا گیا۔ بل کے تحت رسمی و غیر رسمی، مذہبی، سرکاری اور نجی سمیت تمام تعلیمی اداروں میں کسی بھی فرد یا کیئر انسٹی ٹیوٹیشن کی جانب سے بچوں پر جسمانی تشدد ممنوع ہو گا۔ بچوں پر جسمانی تشدد میں ملوث افراد کو ملازمت سے برخاستگی سمیت بڑی اور چھوٹی سزائیں دی جائیں گی۔ اجلاس میں سینیٹر ولید اقبال، سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر طاہر بزنجو، سینیٹر گردیپ سنگھ، سینیٹر سیمی ایزدی، سینیٹر عابدہ محمد عظیم، سینیٹر فیصل علی سبزواری، سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج روغانی، وزارت انسانی حقوق کے سینئر حکام نے شرکت کی۔