اسلام آباد،13ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک امور خالد منصور نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک کے تحت تعمیر و ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے اور اسے دوطرفہ تجارت اور تعاون کے لئے محفوظ استہ بنا رہا ہے، سی پیک میں اب تک 25ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آ چکی ہے، 12ارب ڈالر کے منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں ، منصوبوں سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر ہو ئے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ فیڈیمک زون میں اب تک 845 ملین ڈالر کی چینی سرمایہ کاری آ چکی ہے، مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس 23 یا 24 ستمبر کو منعقد ہو گا، چینی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، بھارت اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہو گا، سرمایہ کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔