لاہور، 30 ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر ہاؤسنگ ملک اسد کھوکھرنے پھاٹا کی ملکیتی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروانے میں سست روی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے تمام اضلاع میں زمینوں کا قبضہ حاصل کیا جائے، کل سے ہی قبضہ واپس لینے کیلئے کارروائی کا آغاز کیا جائے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ ملک اسد کھوکھر کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔اجلاس میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا)کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف نے بریفنگ دی۔وزیر ہاؤسنگ نے آئندہ اجلاس میں زمینوں کی ملکیت کے حولے سے عدالتی کیسوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آئندہ اجلاس میں لیگل ایڈوائزر ہر کیس کے حوالے سے بریفنگ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل کئے گئے پلاٹ کی مکمل فہرست فراہم کی جائے،جن زمینوں کی ملکیت پر عدالتی کیس نہیں ہے فوری واگزار کروائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ کیسوں کو حل کروائیں اور منتقی انجام تک پہنچائیں کوئی بھی کام خلاف قانون نہیں ہو گا۔
صوبائی وزیر نے فیلڈ میں تعینات تمام افسران کی فہرستیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اچھی اور بری شہرت والے افسران کی الگ الگ فہرست بنائی جائیں،کارگردگی نہ دکھانے والے افسران کو فوری ہٹایا جائے۔