اسلام آباد،28ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے مقامی حکومتوں کے حوالے سے قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں میں پروونشل فائنانس کمیشن ایوارڈ نہ ہونے کی وجہ سے اضلاع میں شکایات آتی ہیں، اسلام آباد میں بیٹھ کر کراچی کے مسائل حل نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت این ایف سی ایوارڈ کے تحت پیسے صوبوں کو تقسیم ہوتے ہیں لیکن صوبوں میں پرونشل فائنانس کمیشن ایوارڈ ہی نہیں ہوتا، خیبر پختونخوا میں ایک نظام وضع کیا گیا لیکن باقی تینوں صوبوں میں پروونشل فائنانس کمیشن ایوارڈ نہیں ہو رہا، اس سے اضلاع کی طرف سے شکایات آتی ہیں۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ماضی میں شہباز شریف نے این ایف سی میں ملنے والا پنجاب کا بہت بڑا حصہ صرف لاہور پر خرچ کر دیا، 260 ملین ڈالر صرف لاہور ٹرین پر لگا دیے، اس کا کرایہ بھی پورا نہیں ہو رہا، جہلم، لیہ، چکوال کے حصے کے پیسے لاہور میں دیئے جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر پابندیوں کے باوجود تہران سالانہ 500 ملین ڈالر اپنے لوگوں پر خرچ کرتا ہے، اسی طرح ممبئی ایک ارب ڈالر سالانہ اکٹھا کرتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے شہروں میں بنیادی مسئلہ گورننس کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کا ایک مضبوط نظام پاکستان کے آئین کی ڈیمانڈ ہے، پاکستان کے لوگوں کے مسائل کا حل مقامی حکومتوں کے نظام میں ہے، مستقبل کے اس نظام کے لئے پاکستان کے ہر سیاسی شعور رکھنے والے فرد کو کوششیں کرنی چاہیے۔











