عمران خان ایک سوچ، نظریئے اور فلسفے کانام ہے۔بلاول بھٹو زرداری کادورہ جنوبی پنجاب بری طرح ناکام رہاہے:سینیٹر عون عباس بپی

37

ملتان,10ستمبر  پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے نومنتخب صدر سینیٹر عون عباس بپی نے کہاہے کہ عمران خان ایک سوچ، نظریئے اور فلسفے کانام ہے۔پاکستان تحریک انصاف 2023 میں بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔بلاول بھٹو زرداری کادورہ جنوبی پنجاب بری طرح ناکام رہاہے۔بلدیاتی انتخابات مارچ میں ہوں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بپی ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عون عباس بپی نے کہاکہ میں وزیراعظم عمران خان کاتہہ دل سے مشکورہوں ۔انہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کاصدر منتخب کیا ہے۔ اورآج پاکستان تحریک انصاف کے نوجوانوں نے جس والہانہ انداز سے استقبال کیا ہے یہ اس بات کا مظہر ہے کہ ہمارا نوجوان پہلے سے زیادہ پرعزم اورپرجوش ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان ایک سوچ، ایک نظریئے اور فلسفے کانام ہے۔ وہ ملک کی بہتری کے لیے دن رات کام کررہے ہیں اور 70سال کا کوڑا صاف کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت برسراقتدارآنے کے بعد ہم سے کچھ کوتاہیاں ہوئی ہیں جس میں ہم نے حکومت سازی کے عمل میں خاص طورپر اپنے ورکرز کو نظراندازکردیا مگر اب ہم اپنے ورکرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریںگے اور مجھے یہ ٹاسک دیاگیا ہے کہ میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کے درمیان نہ صرف اتحاد اوریکجہتی پیدا کروں بلکہ وزیراعظم عمران خان کاوژن گلی گلی کوچے کوچے تک پہنچاﺅں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے چوروں، لیٹروں اور کرپشن کے خلاف جنگ کا جوعزم کررکھا ہے اس کے سپاہی ہمارے ورکرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف 2023 کے الیکشن بھاری اکثریت سے جیتے گی۔بلاول بھٹوزرداری کے جنوبی پنجاب کے دورے کے بارے میں سینیٹرعون عباس بپی نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کے جنوبی پنجاب آنے کے حوالے سے بڑاشور اورواویلا کیا جارہاتھا کہ وہ یہاں پر بڑی وکٹیں گرانے آرہے ہیں مگر انہیں یہاں آکر مایوسی ہوئی ہے۔چند جماعتوں کے چھوٹے عہدیداروں کو اپنے ساتھ ملانے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوسکااوربلاول بھٹو زرداری کادورہ جنوبی پنجاب بری طرح ناکام رہاہے۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کواب معلوم ہوچکاہے کہ جنوبی پنجاب صرف تحریک انصاف کا گڑھ ہے۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کویہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ وہ ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے نہیں بلکہ آصف زرداری کے وارث ہیںاورآصف علی زرداری جس طرح کرپشن میں ملوث ہیں وہ پوری قوم جانتی ہے۔ پی ڈی ایم کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم میں اب دارڑیں پڑ چکی ہیں اوراس میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین کھل کر ایک دوسرے کے خلاف بیان دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے ،روزگار کے مواقع پیداکرنے کےلئے بھر پوراقدامات کررہی ہے۔اس کے علاوہ حکومت نے مافیا کو بری طرح عوام کے سامنے ایکسپوز کردیا ہے۔اب جو بھی کرپشن کرے گا وہ بے نقاب ہوگااوراس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے جو شرارت شروع کی ہم اس کو ختم کررہے ہیں اور بہاولپور اورملتان میں الگ لگ سیکرٹریٹ قائم کیے جارہے ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے یہاں کی محرومیاں دور کرنے کے لیے جنوبی پنجاب کا الگ بجٹ مختص کیا ہے۔اس موقع پرصوبائی پارلیمانی سیکرٹری مہندر پال سنگھ، ترجمان حکومت پنجاب  سبین گل خان ،چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ سمیت جنوبی پنجاب کے ضلعی عہدیداران بھی موجودتھے۔ قبل ازیں عون عباس بپی ملتان پہنچے تو پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کا بھرپور استقبال کیا ۔