لاہور 13 ستمبر (اےپی پی): وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام مردوں کو عورتوں کو گھورنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔وہ آج یہاں خواتین پر تشدد کے خلاف آگاہی سیمینار سے خطاب کر رہےتھے ۔انہوں نے کہا کہ مائیں اپنے بیٹوں کی تربیت اس انداز سے کریں کہ وہ خواتین کا احترام کرنا اپنے اوپر لازم کر لیں، عورتوں کے خلاف تشدد اور زیادتی کے دس مجرموں کو اگر مثال بنادیاجائے تو ایسے واقعات کو روکا جا سکتا ہے، بعض لوگوں کو مجرموں کے انسانی حقوق کی بہت فکرہے مگر انہیں متاثرہ خواتین کی فکر کرنا چاہیے، میں نے ایک تجویز عدلیہ کو لکھ کر بھیجی ہے کہ ریپ کے مقدمات کو تین ماہ میں منطقی انجام تک پہنچا یا جائے۔
انہوں نے مزید کہ کہ عورتوں کو وراثت میں حق دینےکی ہر کوشش کے ساتھ کھڑے ہیں، عورتوں کو تعلیم دلوانے کا مسئلہ ہو یا انکے دیگر حقوق کی بات ہو ہم سب کو اسکے لیئے کام کرنا ہوگا،اسلام سے زیادہ خواتین کے حقوق کا تحفظ کوئی اور نہیں کرتا۔