مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ؛ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

20

لاہور، 19 ستمبر (اے پی پی): صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر نازک اور اہم مرحلے میں داخل ہورہا ہے جس کی بنیادی وجہ افغانستان ہے طالبان نے طویل جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی اور ثابت کیا کہ کوئی قوم کسی قوم کو طاقت کے زور پر زیادہ عرصہ تک نہیں دبا سکتی، افغانستان مین  آنے  والی   تبدیلی  کے  مثبت  اثرات  کشمیریوں  پر  بھی  مرتب ہونگے، مسئلہ  کشمیر حل  ہوئے    بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن  نہیں۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے   صدر پریس کلب   ارشد انصاری کی دعوت پر لاہور پریس کلب آمد کے موقع پر منعقدہ  تقریب  سے  خطاب میں   کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ہر حال میں آزادی نصیب ہوگی، ہم آزاد کشمیر میں بھی بہتری لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کا وعدہ کیا ہے جسے پورا کریں گے اور احتساب کا عمل بھی شروع کرنے لگے ہیں اور سب کا احتساب ہوگا تاکہ کرپشن سے پاک شفاف نظام وضع کیا جا سکے۔