قاہرہ،19ستمبر (اے پی پی):مصر میں منعقد ہونے والی کثیر القومی فوجی مشق ”برائٹ سٹار 2021” میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے دستوں نے شرکت کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی بری ، بحری اور فضائی مسلح افواج کے دستوں نے 2009کے بعد پہلی مرتبہ کثیر القومی فوجی مشق برائیٹ سٹار 2021میں شرکت کی ہے جو مصر کے محمد نجیب ملٹری بیس پر منعقد ہوئی ۔
مشق کی اختتامی تقریب محمد نجیب ملٹری بیس پر منعقد ہوئی ۔ فوجی مشق میں مصر ، امریکہ ، پاکستان ، سعودی عرب ، اردن ، قبرص ، عراق ، بحرین ، سوڈان ، مراکش ،کینیا ، اٹلی ، سپین ، برطانیہ ، یونان ، کویت ، متحدہ عرب امارات ، تیونس ، نائیجریا ، تنزانیہ اور فرانس سمیت20ممالک کے فوجی دستوں نے شرکت کی ۔
فوجی مشق کی اختتامی تقریب میں انجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔دو ہفتے طویل فوجی مشق میں علاقائی ہائیبرڈ خطرات سے نمٹنے ، فوجی اشتراک کار کے فروغ کے تحت علاقائی استحکام کے اضافہ اور بحری سیکیورٹی کے امور کے حوالے سے اشتراک کار کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی ۔
مصر کے وزیر دفاع اور کمانڈر انچیف جنرل محمد ذکی سمیت یو ایس سینٹ کام کے حکام کے علاوہ مشق میں شریک 20ممالک کے اعلیٰ فوجی حکام نے مشترکہ تربیت کے فائنل مرحلہ کا معائنہ کیا جس میں جہازوں ، ہیلی کاپٹروں اور ٹینکوں سمیت مختلف ہتھیاروں سے براہ راست فائرنگ کی تربیت بھی شامل تھی۔ فوجی مشق برائٹ سٹار 1980سے متواتر منعقد ہو رہی ہے ، انجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے مصر کے چیف آف سٹاف لیفٹننٹ جنرل محمد فرید اور ایئر کمانڈر محمد عباس حلمی سے بھی ملاقات کی ۔