ملتان؛ ابتدائی طبی امداد کے عالمی دن کے موقع پر ریسکیو1122 کیجانب سے آگاہی ریلی کا انعقاد

14

ملتان، 11ستمبر(اے پی پی):ابتدائی طبی امداد کے عالمی دن  کے حوالے سے ملتان میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹرکلیم اللہ کی سربراہی میں آگاہی ریلی کا انقعادکیا گیا جس کامقصد عوام میں ابتدائی طبی امداد کی اہمیت اجاگرکرناہے۔ ریلی میں ریسکیورز، ریسکیوولنٹیئرز اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔

ریسکیو 1122نے سال 2021میں 30227سے زائد لوگوں کو ابتدائی طبی امداد اور زندگی بچانے کے اصولوں بارے تربیت دی اور یہ تربیت یافتہ لوگ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اپنا مثبت کردار ادا کرکے لوگوں کی جانیں بچا سکتے ہیں۔ ریسکیو1122نے مختلف ایمرجنسیزکی صورت میں اب تک233281 زخمیوں کو مو قع پر  ابتدائی طبی امداد کی سہولت  دے کر جان بچائی۔

 ریلی کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے کی اور اس دن کی مناسبت سے عوام الناس کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں موجود ہر شخص کوچاہیے کہ فرسٹ ایڈکی تربیت ضرورحاصل کرے تاکہ دوران سفر گھرمیں یاکام کی جگہ پر کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متاثرین کو بروقت طبی امداد دے کرانسانی جانوں کومحفوظ کیا جاسکے۔تربیت یافتہ فرسٹ ایڈر کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متاثرین کی جان بچانے میں مددگارثابت ہوسکتاہے۔

اس موقع پر ایمر جنسی آفیسر آپریشنز انجینئر احمد کمال نے کہا کہ معاشرہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر فرد کو ریسکیو 1122سے ایمرجنسی فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ دلوائے تاکہ باقاعدہ تربیت یافتہ امداد کے پہنچنے سے قبل کسی بھی حادثہ یا سانحہ میں مقامی آبادی میں موجود ابتدائی طبی امداد کے تربیت یافتہ لوگ اپنی ذمہ داری کو ادا کریں اور حادثہ کی شدت میں کمی لا سکیں ابتدائی طبی امداد کی ٹریننگ حاصل کر کے ہم محفوظ معاشرہ کے قیام کو عمل میں لاسکتے ہیں۔اس سلسلے میں ریسکیو 1122ملتان کی جانب سے مختلف اداروں کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت دینے کا سلسلہ جاری ہے جس میں ریسکیو 1122ملتان کی جانب سے مدرسہ فیضان مدینہ کے طلباء کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت دی گئی ہے۔

دیگر شرکاء میں، ایمرجنسی آفیسر محمد بلال، کنٹرول روم انچارج مدثر ضیاء، ریسکیو سفیٹی ا ٓفیسر محمد ارشدخان، اسٹیشن انچارج محمد امجد    سول سو سائٹی اور ریسکیوولنٹیئرز کی  شریک تھے۔