ملتان: ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر انسداد ڈینگی سرویلنس مہم کا بھرپور انداز میں آغاز کردیا گیا

15

ملتان29 ستمبر،( اےپی پی): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر انسداد ڈینگی سرویلنس مہم کا بھرپور انداز میں آغاز کردیا گیا ہے اس سلسلے میں ضلع ٹیموں نے ڈینگی لاروا ملنے پر 3 ریسٹورنٹس سیل کردیے جبکہ متعدد عمارات کو وارننگ جاری کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود کی سربراہی میں محکمہ صحت نے مختلف علاقوں میں کارروائی کی۔فوکل پرسن برائے ڈینگی ڈاکٹر عطاءالرحمٰن نے ہوٹلوں کو صفائی نہ ہونے لاروا ملنے پر نوٹس بھی جاری کردیے۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ بندو خاں ہوٹل،زنزی بار اور بل مورس کو عارضی سربمہر کیا گیا ہے۔ڈینگی کے پھیلاؤکو روکنے کیلئے ضلع بھر میں ڈینگی کے حوالے سے چیکنگ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بدلتے موسم کے باعث ڈینگی کا خطرہ سر اٹھا رہا ہے شہریوں اور تاجر برادری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں بصورت دیگر ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر عمارت سیل اور بھاری جرمانے عائد کرینگے۔