ملک میں اگلے سال سے 5 جی ٹیکنالوجی لانچ کر دی جائے گی؛ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ

10

اسلام آباد،14ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ سال فائیو جی ٹیکنالوجی لانچ کر دی جائے گی، وزیراعظم کا عزم ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں مواصلات کا نظام رائج کیا جائے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سپیکٹرم کی فروخت کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ سپیکٹرم کی نیلامی میں ایک ٹیلی کام کمپنی نے حصہ لیا۔ اس سے پہلے بھی ایک کمپنی نیلامی میں حصہ لیتی رہی ہے۔ 2016ءمیں ٹیلی نار جبکہ 2017ءمیں جاز نے اسپیکٹرم نیلامی میں حصہ لیا تھا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اگلے سال ملک میں فائیو جی لانچ کر دی جائے گی جس میں متعدد کمپنیاں دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔ کابینہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ ملک میں معیاری ٹیلی کام سروسز کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹیلی کام سیکٹر میں انقلاب کے ثمرات ملک کے ہر کونے میں عوام کو میسر آ سکیں۔