حیدرآباد، 7 ستمبر (ای پی پی): سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ منشیات نوجوان نسل کی تباہی ہے اس کی روک تھام کیلئے وفاقی حکومت ایکشن میں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں پی ٹی آئی حیدرآباد کی جانب سے سندھ میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے پریس کلب حیدرآباد میں منعقد اینٹی ڈرگس اینڈ نارکوٹیکس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نےکہا کہ آج کی کانفرنس میں مختلف اداروں کے نمائندے موجود ہیں، بہتر ہے کہ آمنے سامنے بیٹھ کر بات ہو، قانون بنانا ہمارا کام ہے، قانون پر عملدرآمد اداروں کا کام ہے،کچھ چیزیں سیاست سے بالاتر ہوتی ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پولیس منشیات کیخلاف ایکشن لے، ہمارے کارکنان بطور سولجر ساتھ دیں گے، تمام سیاسی جماعتیں مل کر منشیات کیخلاف اکٹھی ہوں، ہر ادارے میں کالی بھیڑیں موجود ہیں،منشیات کی لت ففتھ جنریشن وار کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ترجیح ہے کہ اپنی نسلوں کو بچانا ہے،آج ہم تمام اداروں کو اعتماد میں لیکر منشیات کیخلاف کارروائی کریں، منشیات کیخلاف وفاقی وزیر، اے این ایف اور ایف آئی اے حکام سے بات ہوئی ہے، منشیات ٹرکوں میں لوڈ کرکے لائی جاتی ہے، ہماری منشیات کیخلاف مہم شروع ہوچکی ہے، منشیات کے دہشتگردوں کو قانون کے شکنجے میں لانا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت ہورہی ہے، تمام اداروں سے اپیل کرتے ہیں ادارے معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کریں، اگر ادارے کام نہیں کرینگے تو ہم خود منشیات کیخلاف نکلیں، یہاں تو ایس ایچ اوز کے گھر سے اربوں کی منشیات نکلتی ہے، اداروں کو آزاد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ تمام ادارے سیاست سے پاک ہوں، وفاقی ادارے ہوں یا صوبائی انہیں آزادانہ کام کرنا چاہیے، جب اپنی مرضی کے ایس ایچ او لگوائیں گے تو پھر کام بھی مرضی کا کروائیں گے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما ایڈوکیٹ علی پلھ، خاوند بخش جہیجو،امین اللہ موسیٰ خیل اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ سید وسیع حیدر تقوی اور اہس ایس پی حیدرآباد عبدل سلام شیخ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔