نارووال؛ڈپٹی کمشنرنبیلہ عرفان نے ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا

39

نارووال،18ستمبر( اے پی پی): ڈپٹی کمشنرنبیلہ عرفان نے ضلع نارووال میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا،انہوں نے گرین سٹی میں مقیم خانہ بدوشوں کے پانچ سال کے عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے۔

 اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اگرچہ ہمارا ضلع پولیو سے مکمل پاک ہے لیکن پھر بھی پولیو ویکسین کا ہر راﺅنڈ بڑی اہمیت کا حامل ہے،پو لیو کے یکسر خاتمے کے لئے سیاسی ،سماجی اور بالخصوص مذہبی حلقوں کواپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ ہم  اپنے بچوں کو ہر قسم کی معذور ی سے بچاکر ان کے مستقبل کو محفوظ بناسکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہماری زرا سی غفلت و لاپرواہی  بچوں کے مستقبل کو داغدار کر سکتی ہے لہذا والدین کا فرض ہے کہ بچوں کو ہرصورت پو لیو ویکسین کے قطرے پلا ئیں۔انہوں نےمذہبی راہنماوں سے اپیل کی کہ بچوں کے بہتر مستقبل اور پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔

ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع نارووال میں پولیو مہم 20 ستمبر سے 24 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے لئے 1015ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جن میں 896موبائل،81فکسڈ اور 38ٹرانزنٹ ٹیمیں شامل ہیں جس کے لئے 175 ایریا انچارج مقرر کئے گئے  اوردوران مہم ضلع بھر میں پانچ سا ل سے کم عمر کے 3لاکھ 38ہزار 142بچو ں کو پو لیو کے قطر پلائے جائیں گے اور اس حوالے سےپولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پولیو ویکسی نیٹرزکی ٹریننگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خالدجاوید، ڈی ایچ او فوکل پرسن ڈاکٹر محمد طارق،ایم ایس ڈاکٹر لطیف افضل،ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد محمود،نمائندہ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ثمن بھٹی،مذہبی اسکالرپیر تبسم بشیر اویسی،چوہدری انوارلحق،چوہدری یعقوب اویسی ایڈووکیٹ،ڈی ایس وی مجاہد علی اور میڈیا کے نمائندگان اس موقع پر موجودتھے۔