نارووال؛ صوبائی وزیر پیر سعید الحسن شاہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس

26

نارووال،22ستمبر( اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب پیر سعید الحسن شاہ کی زیر صدارت ڈی سی آفس کےکمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔صوبائی وزیراوقاف پنجاب نے افسران کو ضلع کی تعمیروترقی کے لئے باہمی روابط کی پالیسی اپنانے کی ہدایت کی اور افسران کو مفادعامہ کے حوالے سے جاری اسکیموں کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراوقاف پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی گڈگورننس ،ٹرانسپرنسی اورسروس ڈیلیوری کے ویژن کوعملی جامہ پہناتے ہوئے محکموں سے متعلق شہریوں کی مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنائیں،پرائس میکنیزم کو بہتر انداز میں فعال بنایاجائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کو ممکن بنایاجاسکے۔

ڈپٹی کمشنر نارووال نے اس موقع پر صوبائی وزیراوقاف کو ضلع بھر میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے علاوہ پرائسز،ڈینگی اور کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر اوقاف نے اجلاس میں ڈپٹی کمشنرنارووال اور ڈی پی او نارووال کی طرف سےضلع بھر میں امن وامان،سیکورٹی اور صفائی ستھرائی اورمفاد عامہ کے ساتھ ساتھ شہریوں کی فلاح وبہبود کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر ان کی خدمات کو بھرپور سراہا۔