نجی شعبہ اور حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے مسائل کا حل ممکن ہوا؛سینٹر ثانیہ نشتر

15

اسلام آباد،28ستمبر  (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان کے  معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ نجی شعبہ اور حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے مسائل کا حل ممکن ہوا ہے ،احساس ریڑھی بان اقدام کا مقصد ریڑھی بانوں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا ہے، وزیراعظم کی خاص ہدایت ہے کہ ریڑھی بانوں کو معاشی دھارے میں شامل کرنے  کے لیے اقدامات کیے جائیں،احساس ریڑھی بان فی الوقت پائلٹ مرحلے میں اسلام آباد کے دو سیکٹروں میں جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے زیراہتمام احساس ریڑھی بان اقدام ٹیم کے اعزاز میں ایوارڈ تقریب سے خطاب میں کیا۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس کی چھتری تلے سماجی تحفظ ڈویژن،سی ڈی اے،آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈیویلپمنٹ اکناکس مل کر احساس ریڑھی بان پائلٹ پر عملدرآمد کر رہے ہیں،یو بینک اور اپنا بینک اقدام کے تحت ریڑھی بانوں کو آسان شرائط پر جدید ریڑھیوں کےلئے قرضے بھی فراہم کر رہے ہیں۔