سکھر۔28ستمبر(اے پی پی ): ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی چہلم حضرت امام حسین و شہداءکربلا مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا اس سلسلے میں سکھر شہر کے مختلف علاقوں سے شہداءکربلا کی یاد میں چھوٹے بڑے بارہ سے زائد ماتمی جلوس نکالے گئے ،سکھر میں امام حسین علیہ سلام اور شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ انجمن امامیہ سے برآمد ہوا،ماتمی جلوس میں بڑی تعداد میں عزاداران حسین شامل تھے،مرکزی ماتمی جلوس میں الم پاک، ذوالجناح سمیت دیگر چھوٹے بڑے تعزیئے بھی شامل ہیں۔
تاہم مرکزی ماتمی جلوس مرکزی امام بارگاہ غریب آباد سے نکالا گیا جو شکارپور روڈ ، بیراج روڈ ،اے سیکشن روڈ ، گھنٹہ گھر چوک سمیت روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس رات دیر گئے مرکزی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا،ماتمی جلوس میں علم پاک و ذوالجناح بھی ماتمی جلوس کے ہمراہ تھیں ، سکھر شہر میں نکالے گئے ماتمی جلوس کے دوران مختلف مقامات پر مجالس عزا بھی منعقد کی گئی جن سے نامور علماءکرام و ذاکرین نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کربلا اور اسکے بعد پیش آنے والے واقعات پر روشنی ڈالی ، سکھر انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت ترین حفاظتی انتظامات اقدامات کرتے ہوئے ماتمی جلوس کی جانب سے آمد رفت کے تمام راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا تھا۔
ماتمی جلوس سے متصل راستوں پر عزاداران حسین کے لیئے دودھ، شربت، چائے اور پانی سمیت لنگر حسینی کا اہتمام کیا گیا تھا،مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیئے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت اقدامات تھے،گھنٹہ گھر چوک پر مجلس عزا کے بعد مرکزی جلوس اسٹیشن روڈ سمیت دیگر روایتی سے ہوتا ہوا رات دیر انجمن امامیہ امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔











