نوشہرہ ورکاں، 11ستمبر(اے پی پی): ریسکیو 1122 نوشہرہ ورکاں کی طرف سے فرسٹ ایڈ کی آگاہی کا عالمی دن اسکی افادیت کو اجاگر کرنے کے لئے بھر پور انداز سے منایا گیا۔ ریسکیو 1122 کی طرف سے آگاہی واک،سیمینار،تربیتی ورکشاپ اور ٹریفک قوانین کے حوالہ سے آگاہی کا اہتمام کیا گیا۔
ریسکیو 1122 نوشہرہ ورکاں کی طرف سے فرسٹ ایڈ کیمپ لگایا گیا جہاں شہریوں اور مختلف اداروں کے ملازمین نے فرسٹ ایڈ سے متعلق تربیت حاصل کی اور اپنے لئے اس تربیت کو مفید قرار دیا اسکے علاوہ ٹریفک قوانین کے متعلق بھی شہریوں کو آگہی فراہم کی گئی اور فرسٹ ایڈ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔
انچارج ریسکیو 1122 نوشہرہ ورکاں عرفان موسی کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 نے فرسٹ ایڈ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے پورا ہفتہ فرسٹ ایڈ کیمپ لگایا اور شہریوں کو تربیت فراہم کی تاکہ محفوظ معاشرے کا قیام عمل میں لایا جاسکے، شہریوں سے درخواست کی گئی کہ وہ فرسٹ ایڈ کی تربیت ضرور حاصل کریں۔
ریسکیو 1122 کی عوامی آگاہی ٹیم کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کو تربیت فراہم کی اور انکو یہ شعور دیا کیا کسی بھی مصیبت زدہ انسان کی بروقت مدد کر کے ہم قیمتی جانوں کو بچا سکتے ہیں، عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ریسکیو 1122 کے ان اقدامات کو خوب سراہا گیا اور اسے عوامی مفاد اور بہتری کی اعلیٰ مثال قرار دیا گیا۔