اسلام آباد، 16 ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ تاجکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم دورہ ایران کے سربراہ مملکت، چین کے وزیر خارجہ اور وسطی ایشیاءکی اہم قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم آج اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے روانہ ہو رہے ہیں، وزیراعظم کا دورہ دو حصوں پر محیط ہے، پہلے حصے میں وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 20 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر دیگر رکن ممالک کے سربراہان بھی موجود ہوں گے۔ دورہ کے موقع پر وزیراعظم کی ایران کے سربراہ مملکت، چین کے وزیر خارجہ اور وسطی ایشیاکی اہم قیادت کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی روس کے صدر پیوٹن کے ساتھ ملاقات طے تھی، صدر پیوٹن قرنطینہ میں ہونے کی وجہ سے دوشنبے نہیں آ رہے، صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی ٹیلیفون پر تفصیلی بات ہوئی ہے، وزیراعظم عمران خان اور صدر پیوٹن کے درمیان ملاقات جلد متوقع ہے۔