وزیراعظم عمران خان کی تمام پالیسیوں کا مرکز عوام کی فلاح، اشیاء ضروریہ کی کم قیمت پر فراہمی اولین ترجیح ہے؛ فرخ حبیب

16

اسلام آباد،22ستمبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان  کی تمام پالیسیوں کا مقصد قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم سے کم عوام تک منتقل کرنا ہے، تمام اقدامات کا مقصد عوام کو ذیادہ سے ذیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔

 وہ بدھ کووفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان نے اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایات دے رکھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل پرائس مانیڑنگ کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ملک گیر سطح پر 22 کروڑ عوام کی یومیہ کی بنیاد پر استعمال ہونے والی اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا،قیمتوں کو کیسے عوام کی دسترس تک رکھیں اس حوالے سے اس پلیٹ فارم سے فیصلہ سازی ہوتی ہے ۔

وزیر مملکت  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو عام اور محدود وسائل والے لوگوں کو احساس ہے، موجودہ حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور و مرکزعام آدمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کوویڈکے دوران حالات معمول پر نہیں ہیں، پوری دنیا کو قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے،اشیاء کی ترسیل کے لئے شپمنٹ میں بے شمار اضافہ ہوا ہے۔