اٹک،19ستمبر (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ سوئی گیس ،بجلی ،سڑکوں وگلیوں کی تعمیر سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے یہاں کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنے گی ، وزیر اعظم عمران خان ملک وقوم کو تعمیر وترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں، موجودہ مہنگائی کی ذمہ دار سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسیاں ہیں قوم صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں۔
وہ اپنے آبائی ضلع اٹک کے گاؤں ویسہ میں سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل خان اقبال خان کی طرف سے منعقدہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب، انکی جانب سے دیئے گئے عشائیے، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر2 حضرو اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وطن عزیز پاکستان کا وقار پوری دنیا میں بلند ہو رہا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک نڈر اور بہادر لیڈر قوم کو نصیب ہوا جس نے امریکہ جیسی سپر پاور کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اپنا موقف پیش کیا اور امریکہ کی طرف سے پاکستان سے اڈے مانگنے کو مسترد کیا ، اس سے قبل کسی لیڈر نے ایسی جرات نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں بالخصوص یونین کونسل ہارون جہاں میں دلی سکون محسوس کرتا ہوں یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا کردار بھر پور طریقہ سے ادا کرونگا ۔