گرین لائن کے لئے بسوں کا پہنچنا وعدے پر عمل کرنے کا ثبوت ہے، دوماہ کے اندر گرین لائن کی بسیں چلناشروع ہوجائے گی؛گورنرسندھ ، اسد عمر ، امین الحق کا کراچی پورٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب

8

کراچی،19ستمبر  (اے پی پی):گرین لائن کے لئے بسوں کا آج کراچی پورٹ پرپہنچنا وعدے پر عمل کرنے کا ثبوت ہے، دوماہ کے اندر گرین لائن کی بسیں چلناشروع ہوجائے گی ، کراچی کے شہریوں کے لئے گرین لائن کا منصوبہ واحد منصوبہ نہیں ہے بلکہ اس کے علاوہ کراچی پیکج کے تحت وفاقی حکومت کے جو پانچ بڑے منصوبے ہے اس پر بھی کام ہورہا ہے،ہم وزیراعظم ان خان کے شکرگزارہیں ،شہری مناسب کرائے پر جدید بسوں میں سفر کرسکیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار گورنرسندھ عمران اسماعیل،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر، وفاقی وزیربرائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے اتوار کو کراچی پورٹ پر گرین لائن منصوبے کے لئے 40 بسوں پر مشتمل پہلی کھیپ کراچی پورٹ پہنچنے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی ، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ ،پی ٹی آئی کراچی کے صدر و رکن صوبائی اسمبلی خرم شیرزمان ، تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل  نے کہا کہ ہم کئی سالوں سے سن رہے تھے کہ شہر کے لئے اتنی بسیں آرہی ہے لیکن 13 سالوں میں کراچی کے لئے ایک بھی بس نہیں آئی ، آج 40  بسیں یہاں پہنچ چکی ہے یہ وعدے پر عمل کرنے کا ثبوت ہے ، ہم وزیراعظم عمران خان سے درخواست کریں گے وہ کراچی آکر اس منصوبے کا افتتاح کریں ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو مناسب کرائے  پر سفری سہولیات فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ہم نے کراچی کو52 فائرٹینڈرز د  یں لیکن عملے کی کمی کی وجہ سے ان کو سوفیصد عمل میں نہیں لایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہ ہدف تھا کہ اپنی مدت میں گرین لائن منصوبے پر بس چلادوں  اور کے فور منصوبے سے کراچی کو پانی دے سکو ں ۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ آج گرین لائن کی بسیں پہنچ چکی ہے ،اس پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں  ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان اور جی ڈی اے کا بھی مشکور ہوں ۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمرنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پہلی دفعہ جدید ٹرانسپورٹ کا نظام بننے جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 40 بسوں   کی پہلی  کھیپ آج پہنچ  چکی ہے  اور اگلے ماہ مزید 40 بسیں آئیں گی، مجموعی طورپر گرین لائن پر 80 بسیں چلیں گی ،ایس آئی ڈی سی ایل کی ٹیم کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں کیونکہ ان لوگوں نے بہت محنت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بسوں کے پہنچنے کے بعد اس پر سافٹ وئیر سسٹم لوڈ ہوگا، کنٹرول روم پہلے سے تیارکیا گیا ہے ، ٹریک اور اسٹیشنز بھی تیارہے ، ڈرائیورز کی ٹریننگ ہوگی ، اور تقریبادوماہ کے اندر گرین لائن کی بسیں چلناشروع ہوجائے گی اور اسی طرح جدید ٹرانسپورٹ کا منصوبہ کام کرنا شروع کردیں گا ، امید ہے کہ شہریوں کی بڑی تعداد اس جدید ٹرانسپورٹ کے نظام سے فائدہ اٹھائیں گے ۔

 گورنرسندھ عمران اسماعیل  نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لئے گرین لائن کا منصوبہ واحد منصوبہ نہیں ہے بلکہ اس کے علاوہ کراچی پیکج کے تحت وفاقی حکومت کے جو پانچ بڑے منصوبے ہے اس پر بھی کام ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لئے ٹرانسپورٹ کا اس سے بھی بڑا منصوبہ کراچی سرکلر ریلو ے(کے سی آر) ہے اور آئندہ ہفتہ ایکنک اس کی منظوری دے دی گی ،انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان پھر  کے سی آر منصوبے کا جلدسنگ بنیاد رکھے گے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر تقریبا 250 ارب روپے کا منصوبہ ہے اور یہ گرین لائن کا منصوبہ تقریبا 27 ارب روپے کا ہے ۔

 وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ محمود آباد، گجراور اورنگی نالوں کے ساتھ ساتھ تقریبا54 سڑکیں بھی بننی ہے کیونکہ نالوں کی صفائی تقریبا ہوگئی ہے تو پھر ان سڑکوں کی بھی سنگ بنیاد رکھے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران کراچی کو اچھی خبریں ملیں گی ۔انہوں  نے  کہا کہ کراچی کے عوام نے عام انتخابات میں وزیراعظم عمران خان پر بھرپوراعتماد کا اظہار کیا تھا، کراچی ملک کا سب بڑا اور سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہرہے ، اس شہر کا حکومت پر حق ہے کہ یہاں کام کئے جائیں لیکن بدقسمتی سے آج سے پہلے یہ حق نہ صوبائی حکومتوں نے ادا کیاہے اور نہ ہی وفاقی حکومت نے ادا کیا ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کی کراچی کے لئے خصوصی ہدایت تھی اور ان ہدایات کی روشنی میں کراچی کے لئے پیکج بنایا گیا اور کراچی کے لئے مختلف منصوبے بنائے گئے اور اس کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں کے اعلان کے بعد ہم پر تنقید بھی ہوئی کہ صرف اعلانات کئے ہیں لیکن جب بڑے منصوبے بنائے جاتے ہیں تو اس کے لئے منصوبہ بندی میں وقت لگتا ہے اور متعلقہ ٹیمیں اس حوالے سے کام کررہی تھی ۔

  وفاقی وزیربرائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق  نے کہا کہ گرین لائن کی بسیں کراچی پہنچنے پر شہریوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور وفاقی حکومت کا اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ شہری انتہائی مناسب کرائے پر ان جدید بسوں میں سفر کرسکیں گے  ۔