وزیر اعظم نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی بات کی ہے،وزیر خارجہ

16

نیویارک،22ستمبر  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی بات کی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پربیرون ملک  پاکستانی سفارتخانے اور مشنز سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی سہولیات کے لئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام قونصلیٹ  جنرل نیویارک کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور امریکا  میں پاکستان کے سفیر  اسد مجید بھی اس تقریب میں شریک تھے ۔

 اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میرا وعدہ تھا کہ میں جب اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آؤں گا تو ان شاءاللہ پاکستانی امریکن کمیونٹی سے ضرور ملاقات کروں گا۔ وزیر اعظم عمران خان کی یہ ہدایت بھی ہے اور خواہش بھی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا خصوصی خیال رکھا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ چیئرمین نادرا  کے  شکرگزار  ہیں  کہ انہوں نے کمیونٹی کی سہولت کیلئے اقدامات اٹھائے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ماضی میں ریکارڈ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن ان اقدامات کی وجہ سے ہماری کمیونٹی کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو گا۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی   نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہم نے اپنے مشنز کو خصوصی ہدایات دی ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بہت سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہوئے لیکن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے 29.4 ارب ڈالر کی تاریخی رقوم پاکستان بھجوائیں جن میں سے   کم از کم 3 ارب ڈالر  امریکا سے بھجوائے گئے۔

انہوں نے کہاکہ آج ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ چکا ہے اوراقوام متحدہ کا اجلاس ہائبرڈ طریقے سے منعقد ہو رہا ہے۔ ہم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے “ایف ایم پورٹل” کا آغاز کیا ہے جسے ابتدائی طور پر نیویارک سمیت پانچ ممالک میں متعارف کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ہم  اس  سہولت کو  21 ممالک تک وسعت دے رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا، میں نے وزارتِ خارجہ کے افسران کو واضح ہدایات دی ہیں کہ “وسائل کی کمی تو ہو سکتی ہے لیکن اخلاق کی کمی نہیں ہونی چاہیئے۔ میرے علم میں ہے کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی، مقامی سیاست میں اپنا اثر و رسوخ رکھتی ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہاکہ پاکستان کے قومی مفاد میں پاکستانی امریکن  کمیونٹی مؤثر کردار ادا کرسکتی ہے۔ہم نے گذشتہ سال سے، مختلف شعبہ جات میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے “ایف ایم آنرز لسٹ” کا آغاز کیا ہے۔ گذشتہ برس ہم نے کورونا وائرس کی  وبا کے دوران خدمات سرانجام دینے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے “آنرز لسٹ” کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اس سال ہم نے چالیس سال سے کم عمر بیرون ملک مقیم کامیاب نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم نے اس حوالے سے قانون سازی بھی کی ہے اور مشکلات کے باوجود ہماری کوششیں جاری ہیں اور جاری رہیں گی۔ ہم  پاکستان میں پالیسی سازی میں آپ کی  شمولیت کیلئے کوشاں ہیں۔ بیرون ملک مقیم بہت سے پاکستانی، جن کو مالی آسودگی حاصل ہے اور وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں تو ان کیلئے ہم نئی سہولیات متعارف کروا رہے ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ روشن ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دو ارب ڈالر کی خطیر رقم پاکستان بھجوائیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے معمولی جرائم میں بیرونی ممالک میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے کاوشیں کیں۔ ٹاؤن ہال میٹنگز کے ذریعے ہمارے افسران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔

 وزیر خارجہ نے کہا کہ آپ پاکستان کا وہ اثاثہ ہیں جو خاموشی سے پاکستان کی خدمت کرتے چلے

 آ رہے ہیں۔ پاکستان، گزشتہ چار دہائیوں سے 30 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا آ رہا ہے۔ پاکستان نے کابل سے انخلا کے عمل میں مختلف ممالک کے سفارتی عملے اور شہریوں کو بھرپور معاونت فراہم کی۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ پاکستان کی کاوشوں کا اس طرح  اعتراف نہیں کیا گیا جو ہونا چاہیے۔ آج ہیومن رائٹس کی تعظیم امتیازی طور پر کیوں ہو رہی ہے۔ ہم نے ہندوستان کے خلاف ڈوزیر میں تمام ثبوت دنیا کے سامنے رکھے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہاکہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ   ٹیم کو واپس بلانے کا فیصلہ ان کے کرکٹ بورڈ نے کیا۔ میں آج میڈیا کے توسط سے سب سے کہوں گا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے میں رکاوٹیں کھڑی نہ کریں ۔  ہم ووٹنگ سسٹم کو فول پروف بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں لیکن 90 لاکھ کے قریب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے حق سے محروم نہ کیجئے۔ اس موقع پر  وزیر خارجہ نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کو  نائیکوپ،فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور وراثتی سرٹیفکیٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے نیویارک قونصلیٹ میں نئے نادرا سینٹر، لینڈ ریکارڈ سینٹر اور نئی ویب سائٹ کا افتتاح   کیا۔