وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ملازمت پیشہ خواتین کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے؛ صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ

17

مظفرگڑھ، 24ستمبر(اے پی پی):صوبائی وزیر برائے وومن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں معاشی دھارے میں شامل خواتین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اورملازمت پیشہ خواتین کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔

 یہ بات انہوں نے گورنمنٹ گرلز کالج کرمداد قریشی میں ڈے کئیر سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب بھر میں جہاں جہاں بھی خواتین مختلف اداروں میں کام کررہی ہیں وہاں انکے چھوٹے بچوں کی نگہداشت کیلئے ہم ڈے کئیر سنٹر بنا کردے رہے ہیں، اس کے علاوہ ملازمت پیشہ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے بھی عملی اقدامات کئے جارہے ہیں، ہیلپ لائن کے ذریعے ملازمت پیشہ خواتین کو قانونی مشاورت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلقہ قوانین میں موجود سقم کو ختم کرنے کے لئے بھی عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

 اس موقع پر پرنسپل کالج ہذا گلشن اقبال نے بتایا کہ اس وقت کالج  میں 1200سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں جن کیلئے صرف 7لیکچرار موجود ہیں اس کے باوجود کالج  کی طالبات نے بورڈ میں پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں پڑھانے کیلئے باہر سے آنے والی لیکچرارز کو رہائش کا مسئلہ درپیش ہے جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ کالج  میں وومن ہاسٹل کی تعمیر کیلئے پی سی ون تیار کیا جائے اور متعلقہ ممبر صوبائی اسمبلی کے ذریعے آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اس سکیم کو شامل کیا جائے۔

صوبائی وزیر اور سیکرٹری نے ڈے کئیر سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر پرنسپل گلشن اقبال نے صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ اور سیکرٹری عبرین رضا کو یاد گاری شیلڈ پیش کی۔