وہاڑی ، 29ستمبر (اے پی پی ):پنجاب حکومت کی ہدایت پر ناجائز قابضین کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا آپریشن جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر وہاڑی مبین الہٰی کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی محمد جعفر چوہدری اور ڈپٹی ڈائریکٹر انٹی کرپشن غضنفر طفیل نے وی چوک وہاڑی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے کی سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرالی اور سرکاری اراضی پر قائم پٹرول پمپ اور دیگر تجاوزات مسمار کر وا دیں، وی چوک میں کئی سالوں سےسرکاری زمین پر ناجائز قبضہ کر کے پٹرول پمپ چلایا جا رہا تھا اور عدالتوں سے حکم امتناعی لے رکھے تھے۔ حکم امتناعی خارج ہونے پر پٹرول پمپ سمیت تمام ناجائز تجاوزات گرا دیں۔
اے سی وہاڑی محمد جعفر چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی مبین الہٰی کی زیرنگرانی ناجائز قابضین سے سرکاری اراضی واگزار کرانے کا سلسلہ بھرپور طریقے سے جاری ہے، سرکاری اثاثوں کا تحفظ اولین زمہ داری اور فرض ہے جسے ہر صورت پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضہ کی اجازت نہیں دیں گے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں جو قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔











