وہاڑی؛ پنجاب حکومت کی طرف سے بائیو گیس اور بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کردیا گیا

24

وہاڑی، 19 ستمبر (اے پی  پی):پنجاب حکومت کی جانب سے مقامی سطح پر توانائی کی فراہمی کے منصوبوں کی تعمیر کے سلسلہ میں ضلع وہاڑی کے قصبہ ماچھیول کے گاوں 563/ ای بی میں پہلے بائیو گیس سولر پاور پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے، صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب خاں کھچی اور ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ کے ہمراہ اس منصوبے کا افتتاح کیا۔ منصوبے کی تکمیل سے گھریلو صارفین کو بائیو گیس اور بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی۔

 اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا تھا کہ دو سال کی مدت میں مکمل ہونے والے توانائی کے اس منصوبے پر 120 ملین روپے کی رقم خرچ ہوئی ہے جس سے 300 گھروں کو بجلی اور 100 گھروں کو گھریلو استعمال کے لئے بائیو گیس فراہم کی جائے گی، ابتدائی طور پر 40 گھروں کو پائپ لائنوں کے ذریعے گیس کی فراہمی شروع کردی گئی ہے، دو سال بعد اس پاور پلانٹ کو مقامی کمیونٹی کے حوالے کردیا جائے گا اور اس پاور پلانٹ سے بجلی و بائیو گیس کی پیداوار کے دوران ماحول پر کوئی مضر اثرات مرتب نہیں ہونگے۔

 تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں ایسے منصوبوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔

 تقریب سے ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ نے بھی خطاب کیا۔ اس تقریب میں ڈائر یکٹر پراجیکٹ محکمہ توانائی محمد صابر، فیاض فرید رندھاوا، بابر دوگل، نذر فرید رندھاوا  اور اہل علاقہ کی بھی موجود تھے۔