وہاڑی؛ ڈی پی او امیر عبداللّہ خان نیازی نے ڈی ایس پی آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا

23

وہاڑی،25ستمبر (اے پی پی ):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی نے ڈی ایس پی آفس صدر وہاڑی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، کھلی کچہریوں کا مقصد اوپن ڈور پولیسی کے تحت شہریوں کی پولیس تک رسائی کو یقینی بنانا اور فوری میرٹ پر انصاف فراہم کرناہے۔ اس دوران ڈی ایس پی صدر مظہر حیات اور سرکل وہاڑی کے ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔

کھلی کچہری کے دوران مقدمات کے اندراج،  تفتیشی امور،لڑائی جھگڑے اور معمولی نوعیت کی مختلف درخواستیں موصول ہوئیں جس پر ڈی پی او وہاڑی نے شہریوں کی شکایات/مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لئے متعلقہ افسران کو  احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران عوام کی شکایات و مسائل حل کرنے پر توجہ دیں اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے  میرٹ پر ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور درخواست گزاروں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کثر نہ چھوڑی جائے۔انہوں نے کہا کہ  کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور بروقت انصاف کی فراہمی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی نے کہا شہریوں کے اجتماعی و انفرادی حقیقی مسائل کے حل کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں، کھلی کچہریوں سے عوام کو ان کے مسائل کے حل کے لیے جہاں آسانی ہوتی ہے وہیں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوتے ہیں۔