اسلام آباد،26ستمبر (اے پی پی):افغان عبوری حکومت کے معاون وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کے بعد ہماری ترجیح ہے کہ تجارت فروغ پائے، ازبکستان سے بلخ افغانستان تک ٹرین کی پٹڑی بچھائی جا چکی ہے، افغانستان کو پشاور اور پاکستان کے دیگر علاقوں کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، سی پیک منصوبہ بھی اہم ہے اس میں تھوڑی سی تحقیق کی ضرورت ہے، چاہتے ہیں کہ اس منصوبے میں شامل ہوں، پورے ایشیا کو ملانے کیلئے ایک شاہراہ کی تعمیر خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، پاکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے اور افغانوں کا دوسرا گھر ہے، لاکھوں افغان مہاجرین اب بھی پاکستان میں رہائش پذیر ہیں، پاکستان کے ساتھ ہماری کئی چیزیں مشترکہ ہیں، ہماری زبان، مذہب مشترک ہیں، اور رسم ورواج ایک جیسے ہیںِ، ہماری سرحد مشترک ہے ہم پاکستان کے ساتھ قریبی اور اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں، دورہ پاکستان کی دعوت ملی تو ہماری قیادت اس حوالے سے غور کرے گی۔











