اسلام آباد،26ستمبر (اے پی پی):افغان عبوری حکومت کے معاون وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہمسایہ ممالک کے پرچم اور حریت کا احترام کرتے ہیں، توقع ہے کہ وہ بھی ہمارے پرچم اور خودمختاری کا احترام کریں گے، انفرادی طور پر کوئی شخص غلطی کر سکتا ہے اس سے تعلقات خراب نہیں ہونے چاہییں، اگر کسی سے انفرادی غلطی ہو یا کوئی پروپیگنڈے کا شکار ہو کر غلطی کر بیٹھے تو وہ ملک کی نمائندگی نہیں کر رہا ہوتا، طورخم میں پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کا واقعہ افسوسناک تھا ہمیں واقعہ پر دکھ ہوا، گستاخانہ اقدام میں تین چار لوگ ملوث تھے جو گرفتار ہو چکے ہیں، جو بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی کوشش کرے گا کارروائی ہو گی، حکومت پاکستان اور عوام اس انفرادی واقعہ پر افغان حکومت کو مورد الزام نہیں ٹھہرائیں گے۔











