پاکستان فن لینڈ کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے؛ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

32

 

نیویارک،24 ستمبر(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان فن لینڈ کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

 ان خیالات  کا  اظہار وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی   نے نیو یارک میں  اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر   اپنے فن لینڈ کے ہم منصب، پیکا ہاویسٹو کیساتھ ملاقات میں کیا۔دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان سفارتی روابط کی سات دہائیاں مکمل ہونے پر وزیر خارجہ ہاویسٹو کو مبارکباد دی اور فن لینڈ کے ساتھ سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ، معاشی بندھن کو گہرا کرنے اور تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ،دونوں وزرائے خارجہ  نےدو طرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا اجلاس جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ  نے کہا کہ اسلام آباد میں فن لینڈ کا سفارت خانہ دوبارہ کھلنے سے ہمارے تجارتی تعلقات وسعت پذیر ہوں گے اور عوامی سطح پر روابط میں اضافہ ہوگا،پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کا فروغ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔

وزیر خارجہ نے فن لینڈ کے وزیر خارجہ کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے  آگاہ   کیا ۔انہوں نے   فن لینڈ کے وزیر خارجہ ہیکا ہیوستو کو دورہ ء پاکستان کی دعوت بھی دی۔