پاکستان کی خارجہ پالیسی بہترین راہ کی طرف راہ دواں ، افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار دنیا نے سراہا؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

20

فیصل آباد،18ستمبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ افغان امن عمل کے حوالے سے پاکستان نے زبردست کام کیا اور جو لوگ افغانستان میں پھنسے ہوئے تھے ان کو وہاں سے بحفاظت نکالنے میں اہم کردار ادا کیا، افغان امن عمل میں پاکستان کے  کردار کو  دنیا نے سراہا ہے ۔

 ہفتہ کی سہ پہر مدینہ مسجد سمن آباد فیصل آباد میں اخوت کی جانب سے غریب خاندانوں میں بلا سود قرضہ جات تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ  ن لیگ  ہماری خارجہ پالیسی ناکام ہونے کی بات کرتے ہیں حالانکہ ہماری خارجہ پالیسی بہترین ہے مگر یہ کہتے ہیں کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہورہا ہے حالانکہ برطانیہ کا وزیر خارجہ، اٹلی کاوزیر خارجہ، سپین کا وزیر خارجہ، ڈنمارک کی وزیراعظم ہمارا شکریہ ادا کررہی ہے،دو بار صدرپیوٹن کا ٹیلیفون آیااسی طرح ابھی دوشنبے میں جو کانفرنس ہوئی، شنگھائی کانفرنس میں پاکستان مرکز نگاہ بنا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل کے حوالے سے پاکستان نے زبردست کام کیا اور جو لوگ افغانستان میں پھنسے ہوئے تھے ان کو وہاں سے بحفاظت نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔اس کے علاوہ پاکستان آج اپنی آزادانہ خارجہ پالیسی لیکر چل رہا ہے لیکن ان لوگوں کو پاکستان تنہا نظر آتا ہے اور یہ کوئی ایسا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے جہاں یہ قومی یکجہتی کو متاثر کرنے کی کوشش نہ کریں جہاں پر ملکی سالمیت پر ذاتی سلامتی و مفاد کو ترجیح نہ دیتے ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں ان کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ کا طرز عمل یہ ہے کہ آپ صرف اقتدار انجوائے کرنے کیلئے پاکستان آتے ہیں مگر جب اقتدار نہیں ہوتا تو ملک سے باہر چلے جاتے ہیں اور بغض عمران میں یہ اس قدر آگے چلے جاتے ہیں کہ ان کو پاکستان کے امیج کی بھی پرواہ نہیں رہتی، یہ لوگ یہ بھی نہیں سوچتے کہ اس حوالے سے دنیا پاکستان کے بارے میں کیا تاثر لے گی۔

 انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ حکومت نہ صرف دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کی عزت کروائے گی بلکہ ہم سبز ہلالی پرچم کو بھی سربلند رکھیں گے کیونکہ پوری قوم کے جذبات اس حوالے  سے ایک جیسے ہیں۔