دوشنبے،17ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی تین ستونوں امن، ترقیاتی شراکت اور روابط پر قائم ہے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں شنگھائی تعاون تنظیم ایس سی او کے 20 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اپنی توجہ “جیو پالیٹیکس” سے “جیو اکنامکس” پر مرکوزکردی ہے جو امن ، ترقیاتی شراکت داری اور رابطہ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع ایک قدرتی پل کے طور پر وسطی ایشیا کو جنوبی ایشیا سے جوڑتا ہے اس کا اظہار ایس سی او کے پلیٹ فارم سے ہوتا ہے، پاکستان وسطی ایشیا میں ہمارے بہت سے شراکت داروں کے لیے سمندر کا مختصر ترین راستہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں ازبکستان کے صدر کی جانب سے تاشقند میں جولائی میں وسطی ایشیا جنوبی ایشیا کنیکٹوٹی بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کے اقدام کی تعریف کی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایس سی او خطے میں ریل، سڑک، سمندری اور ہوائی روابط سے تجارت ، توانائی کے بہائو اور لوگوں سے لوگوں کے تبادلے کے نئے دور کا آغاز ہوگا جو خطے اور اس سے آگے ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقائی روابط چین پاکستان اقتصادی راہداری سے مستحکم ہوں گے جو بی آر آئی کا اہم منصوبہ ہے، ہمیں موثر کثیرالجہتی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں، لوگوں کے حق خود ارادیت، ریاستوں کی مساوات اور خودمختاری، علاقائی سالمیت کا احترام اور جارحیت سے احتراز کے لیے اپنی مکمل حمایت کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں افغانستان کی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لیے ایک مربوط ایس سی او نقطہ نظر کا تعین کرنا چاہیے، ہمیں علاقائی رابطے کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہیے، اس عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان 2022 میں“علاقائی خوشحالی کے لیے ٹرانسپورٹ رابطہ ”کے موضوع پر ایک ورچوئل کانفرنس کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2022 میں “ڈیجیٹل اکانومی کے ذریعے یوتھ ایمپاورمنٹ” کے موضوع پر ایک کانفرنس کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔ وزیر اعظم نے ایران کے نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ میں سعودی عرب، مصر اور قطر کے بھائیوں کو نئے مکالمے کے شراکت دار بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نوروف کو اپنی مدت پوری کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور سفیر ژانگ منگ کو نئے سیکرٹری جنرل کے طور پر خوش آمدید کہا۔