پشاور میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات، 5 وارڈز پر پولنگ جاری ،32 ہزار 284ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے

53

پشاور، 12 ستمبر(اے پی پی): ملک کے دوسرے حصوں کیطرح پشاور میں بھی کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے سلسلے میں پولنگ جاری ہے،جسکے لئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گی۔پشاور میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے سلسلے میں پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ شہید مبین شاہ آفریدی ہائی اسکول نمبر 1 میں پہلا ووٹ پول ہوا۔کنٹونمٹ بورڈ پشاور کی 5 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، کنٹونمنٹ بورڈ کے 5 وارڈز سے 45 امیدوار میدان میں ہیں، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 32 ہزار 284 ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پشاور کنٹونمنٹ بورڈ کے 5 وارڈز میں مجموعی طور 27 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں، جن میں 14 مردانہ اور 13 زنانہ پولنگ اسٹیشنز ہیں۔پشاور میں کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ کورونا وبا کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر پولنگ سٹیشن کو سینیٹائزر ، تھرمل گنز ، فیس ماسک اور دیگر حفاظتی سامان مہیا کیا گیا ہے۔