پیپلزپارٹی  نے سندھ کو کرپشن  کاگڑھ  بنا دیا  ،   پی ٹی آئی راہنما خرم شیر زمان 

18

اسلام آباد،27ستمبر  (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہاہےکہ پیپلزپارٹی  نے سندھ کو کرپشن  کاگڑھ  بنا دیا ہے،  سابق صدر  آصف علی زرداری  اور بلاول بھٹو کرپٹ ٹولے  کے سرخیل  ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق صدر  آصف علی زرداری کی نااہلی کے حوالے سے کیس کی  سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر معروف قانون دان فیصل چوہدری بھی موجود تھے۔

رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ جس جس نے ملک کا پیسہ لوٹا ہے ہم اس کے پیچھے جائیں گے ،عدالت ہو یا نیب   یا کوئی بھی فورم ،ہم ہر فورم پر ان کا پیچھا کریں گے  خرم شیر زمان نے کہا کہ ہمارا کیس جس کا نمبر  420 ہے ایک مضبوط کیس ہے۔ عدالت کے ساتھ ساتھ نیب میں بھی جاؤں  گا۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے  اپارٹمنٹ  کہاں سے خریدا؟، انہیں بتانا ہوگا ۔خرم شیر زمان نے کہا کہ سابق صدرآصف علی زرداری بتائیں کہ ان کے پاس اپارٹمنٹ خریدنے کے لئے کہاں سے پیسہ آیا۔ انہوں نے کہا کہ  آصف علی زرداری کرپشن کے شہنشاہ ہیں اور صوبہ سندھ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی ٰسندھ مراد علی شاہ  بھی اس کرپشن میں ان کے ساتھی ہیں۔  خرم شیر زمان نے کہا کہ دنیا میں اگر کرپٹ  لوگوں کی ورلڈ الیون بنائی جائے تو زرداری ، بلاول ، مراد علی شاہ اور ن لیگ والے بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

رکن صوبائی اسمبلی نے استسفار کیا کہ ایک سینما والے کا  صاحبزادہ  اتنی جائیدادکا مالک کیسے بنا؟  آصف علی زرداری نے آج یہ اربوں کی جائیداد ساری دنیا میں کیسے بنا لی ؟  خرم شیر زمان نے کہا کہ  میں اپنی قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کو  نہیں چھوڑوں گا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری پر نیب میں کیس چل رہا ہے،میں نیب تک جاؤں گا ،جب تک یہ تفصیلات نہیں دیں گے تب تک ان کا پیچھانہیں چھوڑوں گا۔

انہوں نے کہا کہ آج چیف جسٹس اطہر من اللہ کی کورٹ میں پیش ہوا ہوں ۔ ہر جگہ ان کا تعاقب کروں گا۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری  اپنی کرپشن اور لوٹ مار کی  وجہ سے پاکستان میں مسٹر 10 پرسنٹ کے نام سے پہچانے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور احتساب ہے اور اسی نعرے پر ہم اقتدار میں آئے ہیں۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے ہمیں جہاں جانا پڑا جائیں گے۔